جاپان کی جانب طاقتور ٹائیفون دوجوان، شدید بارش اور سیلاب کا خطرہ

ٹوکیو (ویب ڈیسک) طاقتور سمندری طوفان ٹائیفون دوجوان جاپان کے بحرالکاہل کے ساحلی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے باعث کانتو ریجن اور مشرقی جاپان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش، تیز ہواؤں اور سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
جاپان کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے قریب آنے کے ساتھ موسم کی صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ٹائیفون دوجوان دن کے اختتام تک ٹوکیو کے میٹروپولیٹن علاقے کے قریب سے گزر سکتا ہے۔
آئیزو جزائر، چیبا پریفیکچر اور بحرالکاہل کے ساحلی علاقوں میں پہلے ہی شدید بارشیں ہو چکی ہیں، جبکہ بعض مقامات پر ہفتے سے اب تک 300 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ٹائیفون کے کانتو ریجن کے قریب پہنچنے کے ساتھ پیر کی سہ پہر سے بارشوں کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ کانتو ریجن میں ٹوکیو اور اس کے گردونواح کے متعدد پریفیکچرز شامل ہیں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ کانتو اور وسطی جاپان میں بارش کے مسلسل اور مرتکز بینڈز بن سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں اچانک سیلاب اور دیگر بارش سے متعلق قدرتی آفات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
دوسری جانب وسطی جاپان کے ایچی پریفیکچر میں جاری ایشین گیمز کے دوران ٹائیفون کے پیش نظر گھڑ سواری کے ایونٹنگ مقابلے کو ملتوی کرکے منگل کو منتقل کر دیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق جاپان میں حالیہ برسوں کے دوران محدود علاقوں میں کئی گھنٹوں تک غیرمعمولی بارش برسانے والے بارشی بینڈز ایک اہم موسمی خطرہ بن چکے ہیں۔



