دشت میرانی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 58 غیر قانونی افغان باشندے گرفتار

دشت میرانی(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے علاقے دشت میرانی میں سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران خواتین اور بچوں سمیت 58 غیر قانونی افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا گیا، جنہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افغان باشندے انسانی سمگلروں کے ذریعے پاکستان کے راستے ایران اور پھر یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
سکیورٹی فورسز کی جانب سے بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد سرحدی علاقوں میں قانون کی عملداری یقینی بنانا اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ہے۔



