نہ اسلام آباد سومنات ہے نہ جنید اکبر محمود غزنوی، خواجہ آصف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نہ اسلام آباد سومنات ہے اور نہ جنید اکبر محمود غزنوی ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ اسلام آباد پاکستان اور وفاق کی علامت ہے۔ ان کے بقول جنید اکبر کے بیان سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اقتدار کے حصول کے لیے کس حد تک جانے کو تیار ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں جاری خونریزی پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے، جبکہ ان کے مطابق صوبے میں پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کی شہادتوں کے باوجود انتشار اور نفرت کو ہوا دینے والے بیانات سامنے آ رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے 27 ستمبر کو ہونے والے احتجاج کے حوالے سے کہا کہ جس حملے کی بات کی جارہی ہے، اس کے پس منظر میں یہ سوال بھی اہم ہے کہ آیا یہ طالبان کا حملہ ہوگا اور پاکستان میں مقیم افغان شہری اس کا حصہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اس معاملے میں ملک کے دفاع کے لیے پوری قوت استعمال کرے گا۔

انہوں نے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے حامی اقتدار کے حصول کے لیے کس حد تک جاسکتے ہیں، اس کا مشاہدہ ماضی میں کیا جا چکا ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اختلاف رائے اپنی جگہ، تاہم کسی بھی سیاسی اختلاف کو پاکستان کی مخالفت سے تعبیر نہیں کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنید اکبر کے بیان پر 24 گھنٹے بھی نہیں گزرے تھے کہ وضاحت سامنے آگئی کہ بیان کا مطلب کچھ اور تھا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جنید اکبر کے بیان اور بعد کی وضاحت کے تناظر میں عوام خود سیاسی مؤقف اور بیانات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button