ٹرمپ اور نیویارک کے میئر زہران ممدانی کی آج گریسی مینشن میں ملاقات

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نیویارک کے میئر زہران ممدانی کے درمیان آج نیویارک میں ملاقات ہوگی، جس میں شہر اور اس کے شہریوں کو درپیش اہم مسائل پر بات چیت متوقع ہے۔

امریکی صدر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہیں، جہاں ان کی ملاقات میئر زہران ممدانی سے گریسی مینشن میں ہوگی، جو نیویارک کے میئر کی سرکاری رہائش گاہ ہے۔ ممدانی کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر اینا بہر کے مطابق ملاقات میں نیویارک شہر اور شہریوں سے متعلق معاملات زیر بحث آئیں گے۔ وائٹ ہاؤس نے بھی ملاقات کی تصدیق کی ہے تاہم ایجنڈے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

ٹرمپ اور ممدانی اس سے قبل دو مرتبہ ملاقات کرچکے ہیں۔ پہلی ملاقات نومبر 2025 میں وائٹ ہاؤس میں ہوئی تھی، جب ممدانی نومنتخب میئر تھے، جبکہ دوسری ملاقات رواں سال فروری میں ہوئی۔ موجودہ ملاقات نیویارک میں دونوں رہنماؤں کی پہلی ملاقات ہوگی۔

ممدانی نے ڈیموکریٹک پارٹی کے پرائمری انتخابات میں سابق گورنر اینڈریو کومو کو شکست دینے کے بعد نومبر کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ اور ممدانی کے درمیان سخت سیاسی اختلافات سامنے آئے تھے، تاہم وائٹ ہاؤس میں ہونے والی پہلی ملاقات کا لہجہ نسبتاً دوستانہ رہا تھا۔

تازہ ملاقات ایسے وقت میں ہورہی ہے جب نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس جاری ہے اور صدر ٹرمپ کے شیڈول میں متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button