کیف پر روسی ڈرون حملے، 4 افراد جاں بحق، 3 بچے بھی شامل

کیف(مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرین کے دارالحکومت کیف اور گرد و نواح میں روسی ڈرون حملوں کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔
یوکرینی حکام کے مطابق روسی ڈرون حملوں کا سلسلہ رات بھر جاری رہا جبکہ دن کے دوران بھی کیف اور ملحقہ علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
یوکرین کی ایمرجنسی سروس کے مطابق کیف کے علاقے میں ایک روسی ڈرون ایک گھر پر گرا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور اس کے 3 سالہ جڑواں بچے جاں بحق ہوگئے۔
علاقائی گورنر کے مطابق ایک اور علاقے میں ڈرون حملے میں زخمی ہونے والی بچی نے اسپتال میں دم توڑ دیا، جبکہ کیف کے میئر نے دارالحکومت میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع دی۔
حکام کے مطابق ڈرونز کا ملبہ شہر کے مختلف علاقوں میں گرا، جس سے متعدد مقامات پر نقصان ہوا۔ کیف کے جنوب مغربی علاقے فاسٹیو میں سب سے زیادہ تباہی رپورٹ ہوئی، جہاں 24 سے زائد مقامات کو نقصان پہنچا۔ متاثرہ مقامات میں رہائشی مکانات، صنعتی و یوٹیلیٹی عمارتیں، ایک زرعی ادارے کا علاقہ اور متعدد گاڑیاں شامل ہیں۔
دوسری جانب یوکرین کے شمالی شہر سومی میں بھی روسی فورسز نے ایک رہائشی عمارت کے قریب علاقے کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔



