18ویں ترمیم کے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں، خالد مقبول صدیقی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے مطالبہ کیا ہے کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے تحت صوبوں کو حاصل اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرکے براہِ راست عوام کو دیے جائیں۔
کراچی میں ایم کیو ایم کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ انتظامی یونٹس لسانی بنیادوں پر نہیں بلکہ انتظامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے قائم ہونے چاہئیں۔ ان کے مطابق اختیارات عوام کی سطح تک منتقل کیے جائیں تاکہ جمہوریت کے ثمرات براہِ راست شہریوں تک پہنچ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سینٹرل نے پورے شہر کو پاکستان کا مرکز بنا دیا ہے، جبکہ ملک کے قیام کے مقاصد کے حصول کے لیے یہاں سے ایک جمہوری سفر کا آغاز ہوگیا ہے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے نیو کراچی کی خواتین نے اپنا فیصلہ سنا دیا، اب اورنگی ٹاؤن کی باری ہے، جس کے بعد مزید ریلی نکالی جائے گی اور اس کا رخ تبدیل کیا جائے گا۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ان کی جماعت سیاست کو محض سیاسی سرگرمی نہیں سمجھتی بلکہ عوامی خدمت کو عبادت کا درجہ دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے قیام کے مقاصد کے حصول کے لیے ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ملک میں عدالتیں محصور اور انصاف ناپید ہے، جبکہ خواتین کے حقوق کے حوالے سے بھی معاشرے کو کاروکاری جیسے مسائل کا سامنا ہے۔



