ناصر حسین شاہ کی جماعت اسلامی کے مارچ کی حمایت، پُرامن احتجاج پر زور

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر جماعت اسلامی کے مارچ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیوی ختم کرنے کے لیے بلاول بھٹو زرداری بھی بات کر چکے ہیں اور اسمبلی فلور پر بھی مہنگے پٹرول کے معاملے کو اٹھایا جا رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا اور مارچ عمومی طور پر پُرامن ہوتا ہے، تاہم احتجاج میں تشدد کسی بھی مسئلے کا حل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے ماضی میں پرتشدد واقعات سامنے آئے، نو مئی کا واقعہ بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ پی ٹی آئی سے اپیل ہے کہ اپنی سیاسی تحریک کو پُرتشدد نہ بنایا جائے۔
وزیر بلدیات سندھ نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے بیانات کو وہ سنجیدگی سے نہیں لیتے اور ان کے بقول ایم کیو ایم کی باتوں کو صرف بیانات کی حد تک ہی دیکھا جاتا ہے۔



