ایشین گیمز میں پاکستان کا پہلا میڈل یقینی، عاصم خان سیمی فائنل میں پہنچ گئے

ناگویا (جانو ڈاٹ پی کے)ایشین گیمز 2026 میں پاکستان کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، ایم ایم اے فائٹر عاصم خان نے مینز ماڈرن 60 کلوگرام کیٹیگری کے سیمی فائنل میں جگہ بنا کر پاکستان کا پہلا میڈل یقینی بنا دیا۔عاصم خان نے کوارٹر فائنل میں کمبوڈیا کے فائٹر سوپانہ پھینگ کو 3-0 سے شکست دے کر آخری چار میں جگہ بنائی۔ایم ایم اے کے ایشین گیمز قوانین کے تحت سیمی فائنل میں شکست کھانے والے دونوں فائٹرز کانسی کے تمغے کے حقدار ہوں گے، اس لیے عاصم خان کی جانب سے پاکستان کے لیے کم از کم کانسی کا تمغہ یقینی ہوگیا ہے۔عاصم خان اب سیمی فائنل میں تاجکستان کے مرزوبیک عمروف کا مقابلہ کریں گے۔ سیمی فائنل میں کامیابی کی صورت میں عاصم خان گولڈ میڈل کے مقابلے میں پہنچ جائیں گے اور پاکستان کے لیے طلائی یا چاندی کا تمغہ حاصل کرنے کا موقع برقرار رہے گا۔دوسری جانب ایشین گیمز کے ہاکی مقابلوں میں بھی پاکستان نے فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ قومی ٹیم نے پول بی کے میچ میں تھائی لینڈ کو 9-0 سے شکست دے دی۔پاکستان کی جانب سے احمد ندیم نے شاندار ہیٹ ٹرک اسکور کی، جبکہ معین شکیل، عماد بٹ، سفیان خان، رانا وحید اشرف اور حنان شاہد نے بھی گول کیے۔یوں ایک ہی روز پاکستان نے ایم ایم اے میں یقینی تمغے اور ہاکی میں بڑی فتح کے ساتھ ایشین گیمز میں اپنی مہم کو بھرپور انداز میں آگے بڑھایا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button