پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا بڑا جمپ، اگست میں خالص ایف ڈی آئی دو سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اگست کے دوران خالص غیر ملکی سرمایہ کاری 31 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی، جو گزشتہ دو سال کی بلند ترین ماہانہ سطح قرار دی گئی ہے۔
وزارتِ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھنے میں چین، کینیڈا اور متحدہ عرب امارات سے آنے والی سرمایہ کاری نے اہم کردار ادا کیا۔
رپورٹ کے مطابق زیرِ جائزہ مدت کے دوران بیرونی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والی رقوم کے اخراج میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث پاکستان کی خالص براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی پوزیشن مزید مضبوط ہوئی۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ پاکستان کی معیشت کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے اور اس سے سرمایہ کاری کے ذریعے پائیدار معاشی ترقی کے حکومتی اقدامات کو تقویت مل سکتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان معیشت کو مزید مستحکم بنانے اور پائیدار ترقی کی جانب گامزن کرنے کے لیے سرمایہ کاری کے حجم میں اضافے پر توجہ دے رہا ہے، جبکہ بیرونی سرمایہ کاری کا بڑھتا ہوا رجحان معاشی سرگرمیوں اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے اہم قرار دیا جارہا ہے۔



