سندھ میں838نئے اسکول تکمیل کے قریب،مراد علی شاہ کابڑاحکم

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)سندھ میں تعلیم کے میدان میں بڑا منصوبہ، 838 نئے اور ازسرنو تعمیر شدہ اسکول تکمیل کے قریب پہنچ گئے، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے اسکول مکمل ہوتے ہی داخلہ مہم شروع کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں تعلیمی انتظامی اداروں کا اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نجم شاہ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد عباسی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ نئے اور دوبارہ تعمیر کیے گئے اسکولوں کی تکمیل کے ساتھ ہی داخلہ مہم شروع کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیمی نظام کا حصہ بنایا جاسکے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ بھر میں 838 نئے اور ازسرنو تعمیر شدہ اسکول تکمیل کے قریب ہیں۔ ان کے مطابق ان تعلیمی منصوبوں کی اصل کامیابی اس وقت ہوگی جب نئے اسکولوں میں بچوں کا داخلہ یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق نئے اسکولوں سے تقریباً ڈھائی لاکھ بچوں کے لیے تعلیمی مواقع پیدا ہوں گے۔ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 2 لاکھ 21 ہزار سے زائد بچوں کو اسکولوں میں داخل کیا جائے گا، جبکہ نئے اپ گریڈ کیے گئے سیکنڈری اسکولوں میں 28 ہزار سے زائد بچوں کے داخلے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ اسکولوں کی تکمیل سے پہلے ہی ضلع وار داخلہ منصوبے تیار کیے جائیں۔ داخلہ مہم میں بلدیاتی نمائندوں، مقامی رہنماؤں اور والدین کو بھی شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسکولوں کے اطراف رہنے والے ہر بچے کو تعلیم سے جوڑنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، جبکہ کمیونٹی کی سطح پر اسکول سے باہر بچوں کی نشاندہی کرکے ان کے خاندانوں سے رابطہ کیا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ تعلیمی ڈھانچے پر ہونے والی سرمایہ کاری کو بہتر خواندگی اور مضبوط معاشرے میں تبدیل کرنا ہوگا۔ نئے اسکولوں سے بالخصوص لڑکیوں اور پسماندہ علاقوں کے بچوں کے لیے تعلیمی مواقع بہتر ہوں گے۔

انہوں نے ہر اسکول کے لیے داخلہ، طلبہ کو برقرار رکھنے اور تعلیمی نتائج کے قابلِ پیمائش اہداف مقرر کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر اسکول کی تکمیل سے قبل اسے فعال بنانے کا جامع منصوبہ بھی پیش کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button