آؤ بیٹے کی خوشی میں شریک ہو،ایمان اسد کا رجب بٹ کے نام جذباتی پیغام

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے)سوشل میڈیا پر معروف شخصیت رجب بٹ کی سابق اہلیہ ایمان اسد نے اپنے بیٹے کیوان کی پہلی سالگرہ کے موقع پر سابق شوہر کے نام جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے انہیں اور ان کے اہل خانہ کو تقریب میں شرکت کی دعوت دے دی۔

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اسٹوری میں ایمان اسد نے رجب بٹ سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ آج کیوان کی پہلی سالگرہ ہے اور وہ دل سے چاہتی ہیں کہ رجب اپنے بیٹے کی اس خوشی میں ان کے ساتھ شریک ہوں۔

ایمان اسد نے کہا کہ انہوں نے نہ کبھی رجب کو کیوان سے ملنے سے روکا اور نہ آئندہ روکیں گی، کیونکہ یہ باپ اور بیٹے کا رشتہ ہے۔ ان کے مطابق وہ صرف یہ چاہتی ہیں کہ ان کا بچہ ماں اور باپ دونوں کی محبت اور توجہ کے ساتھ پروان چڑھے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ آج کا دن عدالتوں اور تنازعات کے لیے نہیں بلکہ کیوان کی معصوم خوشیوں کے لیے ہے۔ وہ نہیں چاہتیں کہ بیٹے کی پہلی سالگرہ کی یادیں کسی تلخی یا عدالت کی چار دیواری سے وابستہ ہوں۔

ایمان نے رجب سے سوال کیا کہ کیا انہوں نے کبھی کیوان کا حال پوچھا، یہ جاننے کی کوشش کی کہ وہ کیسا ہے، اسے کیا چاہیے، اس کے ساتھ وقت کیسے گزارا جائے یا اس کی ذمہ داری کس طرح نبھائی جارہی ہے؟

انہوں نے کہا کہ ایک سال کی خاموشی اور دوری صرف ایک سالگرہ منانے سے ختم نہیں ہوسکتی، کیونکہ باپ ہونا صرف ایک دن کی بات نہیں بلکہ ہر روز کی ذمہ داری ہے۔

ایمان اسد کے مطابق ان کے دروازے رجب کے لیے ہمیشہ کھلے رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عید کے موقع پر بھی انہوں نے رجب کو کیوان سے ملنے سے نہیں روکا تھا، حالانکہ اس سے صرف 8 روز قبل انہیں رجب کی جانب سے طلاق کا نوٹس موصول ہوا تھا۔

انہوں نے رجب بٹ سے اپیل کی کہ اپنی انا، اختلافات اور دیگر معاملات ایک طرف رکھ کر صرف بیٹے کے بارے میں سوچیں، کیوان کی پہلی سالگرہ میں شریک ہوں اور اسے اپنی محبت دیں۔ ایمان نے یہ بھی کہا کہ رجب اپنی والدہ، بہن اور دیگر اہل خانہ کو بھی ساتھ لاسکتے ہیں۔

پیغام کے اختتام پر ایمان اسد نے دونوں خاندانوں سے متعلق معاملات کو سوشل میڈیا کی بحث بنانے سے گریز کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بچے کو نفرت اور تنازع نہیں بلکہ محبت اور خوشیوں کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں

Back to top button