غزہ میں اسرائیلی ڈرون حملے،9فلسطینی شہید،40زخمی،خیموں کو بھی نشانہ بنانے کی اطلاعات

غزہ (جانو ڈاٹ پی کے) غزہ میں اسرائیلی ڈرون حملوں کے نتیجے میں کم از کم 9 فلسطینی شہید جبکہ تقریباً 40 زخمی ہوگئے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ کے شمالی، وسطی اور جنوبی علاقوں میں مختلف مقامات پر ڈرون حملے کیے گئے، جن میں افراد، گاڑیوں اور لوگوں کے گروہوں کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق خان یونس کے المواسی علاقے میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر بھی حملے ہوئے، جن کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
وسطی غزہ کے الزوایدہ کے قریب ایک اور حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے۔
ادھر گزشتہ روز غزہ سٹی کے الشاطی کیمپ میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں 12 فلسطینی جاں بحق، تقریباً 40 زخمی جبکہ متعدد افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
غزہ میں جاری حملوں کے باعث شہریوں کو جانی نقصان کے ساتھ ساتھ نقل مکانی اور دیگر انسانی مشکلات کا بھی سامنا ہے۔



