مکہ مکرمہ کی سمت حملے کی شدید مذمت، حرمین شریفین کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پاکستان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان نے مقدس شہر مکہ مکرمہ کی سمت کیے گئے حملے اور سعودی عرب پر حوثی باغیوں کی مسلسل کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سعودی عرب کی خودمختاری و علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان سجاد حیدر خان نے کہا کہ مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش انتہائی گھناؤنا اور تشویشناک اقدام ہے، جس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، امن اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے برادر ملک کے ساتھ کھڑا ہے اور سعودی شہری علاقوں و تنصیبات پر حوثی شدت پسندوں کے حملوں کی پرزور مذمت کرتا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہا ہے، خطے میں پائیدار امن اور تنازعات کے حل کے لیے پاکستان ہمیشہ سفارت کاری، بامعنی مذاکرات اور پرامن ذرائع کی حمایت کرتا رہا ہے۔
سجاد حیدر خان نے مکہ مکرمہ کی سمت حملے کو ناکام بنانے پر سعودی مسلح افواج کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی فورسز نے صورتحال پر قابو پاتے ہوئے اہم تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنایا۔
انہوں نے زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن، استحکام اور تنازعات کے دیرپا حل کے لیے سفارت کاری، بامعنی مذاکرات اور سیاسی ذرائع ہی مؤثر راستہ ہیں، پاکستان پرامن حل اور تعمیری مکالمے کی حمایت جاری رکھے گا۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ 15 ستمبر 2026 کو ایک بھارتی بحری جہاز نے پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں پاک بحریہ کے جہاز کے قریب جارحانہ انداز میں نقل و حرکت کی۔
ان کے مطابق بھارت کی جانب سے اس اقدام سے بین الاقوامی قانون اور دوطرفہ معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہوئی، جس پر بھارتی ناظم الامور کو گزشتہ رات دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ آج نئی دہلی میں پاکستانی ناظم الامور بھی بھارتی وزارت خارجہ میں اس واقعے پر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔



