یورپی یونین کا نئی یورپی سلامتی کونسل بنانے کا اعلان

برسلز (ویب ڈیسک)یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین نے یورپی یونین کے شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر یورپی سلامتی کونسل کے قیام کی تجویز پیش کردی۔
یورپی پارلیمنٹ میں اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کے دوران ارسلا وان ڈیر لیین نے کہا کہ یورپ کو ہائبرڈ حملوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اور مؤثر لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔
تجویز کے مطابق یورپی سلامتی کونسل میں یورپی یونین کے علاوہ برطانیہ، ناروے، یوکرین، کینیڈا اور دیگر شراکت داروں کو شامل کیا جا سکتا ہے۔
یورپی کمیشن کی صدر نے ہائبرڈ حملوں کے خلاف ردعمل کو مربوط بنانے کے لیے ایک نیا نظام تشکیل دینے کی بھی تجویز دی۔ ان واقعات میں تخریب کاری، آتش زنی اور ڈرونز کی دراندازی جیسے واقعات شامل ہیں، جن میں سے بعض کو یورپی حکام روس سے منسوب کرتے رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یورپی حکام براعظم کی سلامتی میں زیادہ ذمہ داری خود اٹھانے کے لیے اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔ اس پیش رفت کے تناظر میں امریکا کی جانب سے نیٹو کے تحت یورپی سلامتی کے حوالے سے مستقبل کے کردار سے متعلق غیر یقینی صورتحال کو بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
تاہم نئی سلامتی کونسل کی تفصیلات ابھی واضح نہیں کی گئیں۔ بعض تجزیہ کاروں کے مطابق اگر اس کے دائرہ کار اور نیٹو کے موجودہ ڈھانچوں کے درمیان واضح فرق نہ رکھا گیا تو نئے فورم سے ادارہ جاتی ابہام پیدا ہونے کا خدشہ موجود ہے۔



