پٹرولیم لیوی کے خاتمے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات بے نتیجہ، 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب ہاؤس میں حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر مذاکرات کا چوتھا دور بھی کسی حتمی نتیجے کے بغیر ختم ہوگیا۔

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد جاری ہے، جبکہ احتجاج پرامن اور آئینی جمہوری طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج جاری ہے اور آج 45 مقامات پر دھرنے اور احتجاج کیے جا رہے ہیں۔

لیاقت بلوچ کے مطابق حکومت نے جماعت اسلامی کے احتجاج کے بعد مذاکرات کی پیشکش کی تھی اور حکومتی وفد نے منصورہ جا کر بات چیت کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے حکومت پر واضح کیا ہے کہ عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لیے مؤثر اقدامات اور مشاورت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی موجودہ ریلیف اسکیم میں ڈیزل پر انحصار کرنے والے شعبوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ حکومتی وفد نے بھی تسلیم کیا کہ کسی بھی ریلیف اقدام سے قبل جماعت اسلامی سے مشاورت کی جانی چاہیے تھی۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آئی پی پیز کے معاملے پر بھی حکومت نے ابتدا میں انکار کیا تھا، تاہم دلائل کے بعد معاہدوں پر نظرثانی کی گئی۔ ان کے مطابق وزیر توانائی اویس لغاری نے بھی جماعت اسلامی کے مؤقف کو درست تسلیم کیا ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں تین فیصد کمی سے حکومت کو سیکڑوں ارب روپے کی بچت ہوسکتی ہے، جبکہ پانچ ریفائنریوں کو بلاجواز منافع دینے کا معاملہ بھی مذاکرات میں اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے وفاقی سطح پر موجود ان وزارتوں پر بھی سوال اٹھایا جو ان کے بقول صوبوں کو منتقل ہوچکی ہیں۔

انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ عوام کو ریلیف سے محروم رکھنے کے لیے دباؤ اور بلیک میلنگ کی سیاست کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنیادی مسئلہ بیڈ گورننس اور حکومتی اخراجات ہیں، جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے بھی انہوں نے بدعنوانی کے الزامات عائد کیے۔

لیاقت بلوچ نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی نے حکومت سے آئی ایم ایف پروگرام سے نکلنے کا مطالبہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مسئلے کے حل کے لیے مزید وقت مانگا ہے، تاہم جماعت اسلامی کی جانب سے 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کی کال حتمی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button