نانا پاٹیکر کا بڑا فیصلہ، ڈیڑھ کروڑ کی گاڑی چھوڑ کر کسان خاندانوں کی مدد کا اعلان

ممبئی(جانو ڈاٹ پی کے) بالی ووڈ کے معروف اداکار نانا پاٹیکر اپنی شاندار اداکاری کے ساتھ ساتھ سماجی خدمات اور انسان دوستی کے حوالے سے بھی پہچانے جاتے ہیں۔ ان کے ایک ایسے اقدام کا تذکرہ سامنے آیا ہے جس نے مداحوں اور عوام کے دل جیت لیے ہیں۔

مصنف رنبیر پشپ نے ایک انٹرویو میں نانا پاٹیکر سے متعلق ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ اداکار تقریباً ڈیڑھ کروڑ بھارتی روپے مالیت کی گاڑی خریدنے کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم اسی دوران انہوں نے کسانوں کی خودکشیوں کے بعد ان کے خاندانوں کو درپیش مالی مشکلات کے بارے میں خبریں دیکھیں۔

رنبیر پشپ کے مطابق نانا پاٹیکر نے صورتحال دیکھنے کے بعد مہنگی گاڑی خریدنے کا منصوبہ ترک کردیا اور فیصلہ کیا کہ اس رقم کو ضرورت مند خاندانوں کی مدد کے لیے استعمال کیا جائے۔

انہوں نے اپنے ایک ساتھی کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں کے لیے 15، 15 ہزار بھارتی روپے کے چیک تیار کیے جائیں تاکہ انہیں فوری مالی امداد فراہم کی جاسکے۔

اس واقعے کے ذریعے نانا پاٹیکر نے ایک بار پھر یہ پیغام دیا کہ شہرت اور دولت کے ساتھ معاشرے کے ضرورت مند افراد کی مدد بھی اہم ذمہ داری ہے۔ ان کے اس اقدام کو مداحوں کی جانب سے انسان دوستی کی قابلِ ذکر مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button