لوڈشیڈنگ اور بجلی کے بلوں پر ن لیگی رکن قومی اسمبلی اپنی ہی حکومت پر برس پڑے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رانا محمد حیات نے ملک میں جاری لوڈشیڈنگ اور بجلی کے بھاری بلوں پر اپنی ہی حکومت کی پالیسیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

اجلاس کے دوران رانا محمد حیات نے کہا کہ ملک میں لوڈشیڈنگ کی صورتحال اس حد تک خراب ہے کہ ارکان اسمبلی کے لیے عوام کا سامنا کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر یہ جمہوری حکومت ہے تو موجودہ حالات میں دوبارہ عوام کے پاس کیسے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بھاری بلوں نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے اور لوگ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ رانا محمد حیات نے متعلقہ حکام سے کہا کہ بجلی کے صارفین پاکستانی شہری ہیں اور ارکان پارلیمنٹ کو آئندہ بھی انہی عوام کے پاس ووٹ لینے کے لیے جانا ہے، اس لیے ان کے مسائل کا ازالہ ضروری ہے۔

رکن کمیٹی نے ڈسکوز کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ بجلی کی بندش کے معاملات میں تقسیم کار کمپنیاں کیا کرسکتی ہیں، جب ان کے مطابق اوپر سے بجلی بند کردی جاتی ہے۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ملک کے بجائے صرف آئی ایم ایف کی شرائط کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔

رانا محمد حیات نے زرعی شعبے پر بجلی کے نرخوں کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے بجلی کے بل بہت زیادہ آرہے ہیں، ایسے حالات میں زرعی پیداوار اور برآمدات کیسے بڑھ سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسان ہی مشکلات کا شکار رہے گا تو ملکی معیشت اور جی ڈی پی میں بہتری کیسے آئے گی۔ رکن قومی اسمبلی نے بجلی کے شعبے میں عوام اور خصوصاً زرعی صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید خبریں

Back to top button