پٹرولیم لیوی پر حکومت اور جماعت اسلامی آمنے سامنے، مذاکرات کا چوتھا دور آج

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور آج ہوگا، جبکہ جماعت اسلامی نے وزیراعظم کے اعلان کردہ 100 روپے فی لیٹر پیٹرول ریلیف کو پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کا متبادل قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مذاکراتی عمل کا آغاز 7 ستمبر کو ہوا تھا اور آج ہونے والا اجلاس اس سلسلے کا چوتھا دور ہے۔ جماعت اسلامی کے مذاکراتی وفد کی قیادت نائب امیر لیاقت بلوچ کریں گے، جبکہ وفد میں سید فراست شاہ، نصراللہ رندھاوا، عنایت اللہ خان، ضیاءالدین انصاری ایڈووکیٹ اور نوید علی بیگ شامل ہوں گے۔

حکومتی مذاکراتی ٹیم کی قیادت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کر رہے ہیں، جبکہ ٹیم میں رانا ثناءاللہ، علی پرویز ملک اور بلال اظہر کیانی شامل ہیں۔

لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ 100 روپے فی لیٹر پیٹرول ریلیف پیکج پیٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمے کا متبادل نہیں ہوسکتا۔ جماعت اسلامی کا بنیادی مطالبہ پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہے۔

جماعت اسلامی نے حکومت سے مذاکرات کے ساتھ اپنا احتجاج بھی جاری رکھا ہوا ہے۔ جماعت اسلامی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اگر پیٹرولیم لیوی ختم نہ کی گئی تو 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کیا جائے گا۔

دوسری جانب حکومت کا مؤقف ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کی خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم کا ملک بھر میں آغاز بھی 16 ستمبر سے کیا گیا ہے۔

اب مذاکرات کے چوتھے دور میں دونوں فریقین کے درمیان پیٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر مزید پیش رفت متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button