پٹرول ریلیف سکیم میں اہم پیشرفت،وزیراعظم نے سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کردی

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف دینے کے لیے جاری پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو متحرک رہنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متاثرہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے فیول سبسڈی اسکیم کا جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کے لیے سبسڈی کا حصول آسان بنانے کے لیے انتظامیہ، رضاکاروں اور پیٹرول پمپ عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کیے جائیں۔ سہولت ڈیسک پر موجود اہلکار مستحق شہریوں کی رجسٹریشن اور دیگر ضروری مراحل میں رہنمائی کریں گے۔

شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسکیم کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں اور رجسٹریشن کے عمل میں شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں اسکیم کے پائلٹ مرحلے کے افتتاح کے بعد اب ملک بھر، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی اسکیم کا افتتاح کیا جاچکا ہے۔

حکام نے بتایا کہ فیول سبسڈی اسکیم میں رجسٹریشن کا عمل انتہائی آسان رکھا گیا ہے اور اس کے لیے صرف چار بنیادی معلومات درکار ہیں، جن میں شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ شامل ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسکیم کی مکمل تفصیلات اردو ویب سائٹ pmfuelrelief.pk پر دستیاب ہیں جبکہ کامیاب رجسٹریشنز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اسکیم کو ملک گیر سطح پر مؤثر انداز میں نافذ کرنے کے لیے صوبائی حکومتیں بھرپور تعاون کررہی ہیں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button