ہانیہ عامر کے ’پابلو‘ سے مماثلت کی بحث، شائے گل نے وضاحت دے دی

پاکستانی گلوکارہ شائے گل نے اداکارہ و گلوکارہ ہانیہ عامر کے نئے گانے ’پابلو‘ اور اپنے گانے ’اِن سیکیورٹی‘ کے درمیان مماثلت سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری بحث پر وضاحت کردی۔

ہانیہ عامر کا گانا ’پابلو‘ ریلیز ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اس کا موازنہ شائے گل کے گانے ’اِن سیکیورٹی‘ سے شروع کردیا۔ بعض صارفین کی جانب سے ہانیہ عامر پر شائے گل کے کام سے مبینہ طور پر نقل کرنے کے الزامات بھی عائد کیے گئے۔

بحث نے اس وقت مزید توجہ حاصل کی جب شائے گل نے اپنے گانے ’اِن سیکیورٹی‘ کی ریلیز کو ایک سال مکمل ہونے پر اس کا اکوسٹک ورژن سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ بعض مداحوں نے پوسٹ کی ٹائمنگ کو ہانیہ عامر کے لیے بالواسطہ طنز قرار دیا۔

شائے گل نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی سے نفرت نہیں کرتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جسے گانے سے لطف اندوز ہونا ہے وہ لطف اندوز ہو اور جو اس معاملے کو ڈرامہ بنانا چاہتا ہے، وہ ایسا کرسکتا ہے۔

گلوکارہ نے وضاحت کی کہ ان کا پہلا سولو گانا گزشتہ برس ستمبر میں ریلیز ہوا تھا اور رواں سال ستمبر میں اکوسٹک ورژن شیئر کرنے کا مقصد صرف گانے کی پہلی سالگرہ منانا تھا۔

شائے گل نے سوال کیا کہ گانے کی سالگرہ منانے کو کسی پر طنز کیسے سمجھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر کمنٹ میں جاکر اپنی وضاحت پیش نہیں کرسکتیں اور مداح جو کرنا چاہتے ہیں، وہ کرسکتے ہیں۔

شائے گل کے اکوسٹک ورژن کو گلوکارہ آئمہ بیگ، عبدالحنان، انورال خالد سمیت دیگر فنکاروں اور سوشل میڈیا شخصیات کی جانب سے بھی سراہا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button