پاک چین سکیورٹی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق، جدید لا انفورسمنٹ سنٹر کے قیام میں چین کی معاونت کی پیشکش

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین کے نائب وزیر پبلک سکیورٹی گاو چی نے ملاقات کی، جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات کے ساتھ انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پولیس ٹریننگ ایکسچینج پروگرام کو وسعت دینے اور جدید ٹیکنالوجی و آلات کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
چین نے پاکستان میں جدید طرز کے لا انفورسمنٹ سنٹر کے قیام میں تعاون پر بھی آمادگی ظاہر کی۔ اس موقع پر چینی نائب وزیر پبلک سکیورٹی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور عزم کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ مجوزہ لا انفورسمنٹ سنٹر پاک چین دوستی کی ایک اور روشن علامت ثابت ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے چین کی مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی اور جدید آلات سے پاکستان کو بھرپور معاونت مل سکتی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان داخلی سلامتی سے متعلق تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں اشتراک جاری رکھا جائے گا۔



