ایران کے خلاف جنگ کا پہلا مرحلہ مکمل، چند ماہ میں نیا مرحلہ شروع ہوگا، جے ڈی وینس


واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے پہلے مرحلے کے اہداف مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ آئندہ چند ماہ میں جنگ ایک مختلف مرحلے میں داخل ہو جائے گی۔
نیویارک پوسٹ کو دیے گئے انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ مستقبل کی پیش گوئی ممکن نہیں، تاہم امریکی صدر کا یہ کہنا درست ہے کہ چند ماہ میں جنگ ایک بالکل مختلف مرحلے میں داخل ہو سکتی ہے۔
امریکی نائب صدر کے مطابق جنگ بنیادی طور پر دو مراحل پر مشتمل ہے، جن میں سے پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے۔ ان کے بقول پہلے مرحلے میں ایران کے جوہری پروگرام، روایتی فوجی صلاحیت اور بیرون ملک طاقت استعمال کرنے کی استعداد کو نشانہ بنانا شامل تھا۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ جنگ کے دوسرے مرحلے میں اس امر کو یقینی بنانا شامل ہوگا کہ تہران اپنی فوجی اور دیگر صلاحیتوں کو دوبارہ تعمیر نہ کر سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے بعد عالمی استحکام کو زیادہ سے زیادہ برقرار رکھنے کی کوشش بھی دوسرے مرحلے کا حصہ ہوگی۔