پاکستان کا سعودی عرب کے دفاعی اقدامات کی مکمل حمایت کا اعلان


نیویارک(ویب ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان حوثی حملوں کے خلاف سعودی عرب کے دفاعی اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے یمن کی صورتحال پر ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت کی اور یمن میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے، جبکہ باب المندب میں حملوں سے عالمی تجارت اور معیشت کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں یمن کے مندوب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ حوثی ملیشیا کو اسلحے کی فراہمی روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ یمنی مندوب نے حوثیوں کی جارحانہ کارروائیوں کو علاقائی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔