ڈپلو میں منشیات اور بدامنی عروج پر، شہری سڑکوں پر نکل آئے، احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ڈپلو شہر میں مبینہ طور پر سرِعام جاری منشیات کی فروخت و استعمال، بڑھتی ہوئی بدامنی اور چوری کی وارداتوں کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی ڈپلو کی اپیل پر خالد چوک پر احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا، جس میں سیاسی، سماجی و مذہبی رہنماؤں، صحافیوں، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر منشیات کے خاتمے، چوری کی وارداتوں کی روک تھام اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے مطالبات درج تھے، جبکہ مظاہرین نے منشیات کے خلاف نعرے بھی لگائے۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ ڈپلو شہر کو منشیات فروشوں یا کسی بھی مبینہ مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات کا استعمال صرف ایک فرد کو متاثر نہیں کرتا بلکہ نوجوان نسل کے مستقبل کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے، جبکہ بدامنی کے باعث شہریوں میں خوف اور بے چینی بڑھ رہی ہے۔
مقررین نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ اگر شہر میں منشیات کی فروخت اور چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے تو خاموشی اختیار کرنے کے بجائے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ضروری ہے۔
عوامی ایکشن کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ ڈپلو شہر اور گردونواح میں منشیات کے خلاف بلاامتیاز مؤثر آپریشن کیا جائے، منشیات فروشوں اور مبینہ سہولت کاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے، چوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
مظاہرین نے واضح کیا کہ ان کا احتجاج کسی فرد یا ادارے کے خلاف ذاتی دشمنی نہیں بلکہ شہر کے امن، نوجوان نسل کے مستقبل اور شہریوں کے بنیادی تحفظ کے لیے ایک پرامن عوامی آواز ہے۔
عوامی ایکشن کمیٹی نے خبردار کیا کہ اگر ڈپلو میں امن و امان کی صورتحال بہتر نہ کی گئی اور منشیات کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات نہ کیے گئے تو شہریوں سے مشاورت کے بعد احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔



