صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا سرکاری سکول میں براہِ راست کلاس لینے کا آغاز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سرکاری سکولوں میں براہِ راست کلاسز لینے کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول لدھڑ میں پہلی کلاس لی اور طالبات کی تدریسی سرگرمیوں کے ساتھ تعلیمی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر تعلیم نے میٹرک اور پانچویں جماعت کی طالبات کو انگریزی کا لیکچر دیا، جس کے بعد طالبات سے امتحان بھی لیا اور ان کی تعلیمی استعداد کا مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر رانا سکندر حیات نے سکول میں تعلیمی اور بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے 3 اضافی کلاس رومز اور ایک جدید سٹیم لیب قائم کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے طالبات کے لیے کھیلوں کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے والی بال، کرکٹ اور دیگر کھیلوں کی کٹس فراہم کرنے کا بھی حکم دیا۔

طالبات کے مطالبے پر صوبائی وزیر تعلیم نے سکول میں فوری طور پر واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ طلبہ و طالبات کو بنیادی سہولیات اور ہم نصابی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button