98 فیصد مرد دوستوں میں اپنی بیوی کا مذاق اڑاتے ہیں، یہ دیسی کلچر کا حصہ بن چکا ہے، سنیتا مارشل

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ و ماڈل سنیتا مارشل نے معاشرے میں شوہروں کے اپنی بیویوں کے ساتھ نامناسب رویے پر کھل کر اظہارِ خیال کیا ہے، جس پر ان کا بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

سنیتا مارشل نے کہا کہ تقریباً 98 فیصد مرد دوستوں کی محفل میں اپنی بیوی کا مذاق اڑاتے ہیں اور یہ رویہ ہمارے دیسی کلچر میں زیادہ پایا جاتا ہے، جبکہ مغربی معاشروں میں ایسا رویہ عام نہیں۔

اداکارہ کے مطابق اگر بیوی کسی محفل میں سب کے سامنے کوئی مشورہ دے تو شوہر بعض اوقات فوری طور پر اسے سب کے سامنے ڈانٹ دیتا ہے یا اس کے مشورے کا مذاق اڑاتا ہے، حالانکہ اگر شوہر سمجھتا ہے کہ مشورہ درست نہیں تو وہ بعد میں بھی اپنی بیوی کو مناسب انداز میں سمجھا سکتا ہے۔

سنیتا مارشل نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں مردوں کی ذہنیت اس انداز میں تشکیل دی جاتی ہے کہ بیویاں شوہروں سے کمتر ہیں۔ ان کے مطابق اکثر بیویاں شوہروں سے احتراماً ’’آپ‘‘ کہہ کر بات کرتی ہیں، جبکہ بعض شوہر اپنی بیویوں سے ’’تم‘‘ کہہ کر مخاطب ہوتے ہیں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ بعض شوہروں میں یہ سوچ پائی جاتی ہے کہ چونکہ بیوی ان سے کمتر ہے، اس لیے وہ اس کا مذاق اڑا سکتے ہیں۔

سنیتا مارشل کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں، جبکہ متعدد صارفین نے ان کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے معاشرے میں میاں بیوی کے درمیان باہمی احترام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button