برآمدات میں اضافہ ملکی معاشی ترقی کی بنیاد بنایا جائے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات میں اضافے اور معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں برآمدی شعبے کو وسعت دینے، نئی عالمی منڈیوں تک رسائی اور پاکستانی مصنوعات کی مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ برآمدات میں اضافے کو ملکی معاشی ترقی کی بنیاد بنایا جائے اور روایتی شعبوں کے ساتھ مزید صنعتوں کو بھی عالمی منڈیوں میں برآمدات کے لیے تیار کیا جائے۔ انہوں نے تجارت میں تنوع لانے کے لیے زیادہ سے زیادہ شعبوں اور صنعتوں کو برآمدی سرگرمیوں میں شامل کرنے پر زور دیا۔

وزیراعظم نے پاکستانی مصنوعات کا معیار عالمی معیار کے مطابق بنانے، کوالٹی اشورنس نظام مؤثر کرنے اور بین الاقوامی ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے برآمدات میں ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دینے اور برآمدی صنعتوں میں جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور جدت کے فروغ پر بھی زور دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ڈیجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے، جبکہ برآمد کنندگان کو درپیش انتظامی اور کاروباری رکاوٹیں دور کرکے برآمدی عمل کو مزید آسان، تیز اور شفاف بنایا جائے۔

اجلاس میں برآمدات کے فروغ کے لیے منظور شدہ اسٹریٹجک روڈ میپ پر عملدرآمد میں پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ نئی عالمی منڈیوں تک رسائی، برآمدی شعبوں میں تنوع، مصنوعات کے معیار میں بہتری اور کاروباری سہولت کاری سے متعلق مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈی تک رسائی بڑھانے کے لیے دوست ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ اور رعایتی نرخوں پر تجارت کے معاہدوں کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ہارٹیکلچرل مصنوعات کو برآمدی شعبے میں شامل کرنے کے لیے بھی کام کیا جا رہا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستانی سرجیکل اور میڈیکل آلات کی برآمدات بڑھانے کے لیے بین الاقوامی ہسپتالوں کے ٹینڈرز اور پروکیورمنٹ میں پاکستانی ایکسپورٹرز کی شرکت کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔

بریفنگ کے مطابق عالمی کمپنیوں کو پاکستانی مصنوعات سے روشناس کرانے کے لیے ٹیکسپو، ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ منرلز شو، فوڈ اینڈ ایگریکلچر شو سمیت مختلف شعبوں سے متعلق نمائشیں ملک کے مختلف شہروں میں منعقد کی جا رہی ہیں۔

حکام نے بتایا کہ برآمدات میں جدت کے فروغ کے لیے انٹیلیکچوئل پراپرٹی قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر کام جاری ہے، جبکہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی تنظیم نو بھی مکمل کرلی گئی ہے اور کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال خان، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button