اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جبکہ کراچی، حیدرآباد اور پشاور سمیت دیگر علاقوں میں بھی بادل برس پڑے۔

راولپنڈی کے مری روڈ، صادق آباد، راجا بازار اور گردونواح میں موسلادھار بارش ہوئی، جبکہ شمس آباد، کچہری، نیو کٹاریاں، چکلالہ اور پیرودہائی کے علاقوں میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی میں اب تک مجموعی طور پر 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوچکی ہے۔ سیدپور میں 6، گولڑہ میں 18، بوکڑہ میں 15 اور پی ایم ڈی میں 8 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ شمس آباد میں 18، کچہری میں 3، پیرودہائی میں 16 اور کٹاریاں میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

راولپنڈی کے نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے 5 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی، جبکہ حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں اور پشاور میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے 17 ستمبر تک مختلف اضلاع کے لیے بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع اور بالائی خیبرپختونخوا میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے احتیاطی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button