ٹھٹھہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، ڈکیتی و چوری میں ملوث 3 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

ٹھٹھہ (رپورٹ: جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) ٹھٹھہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ڈکیتیوں اور چوری کی وارداتوں میں ملوث گروہ کے 3 ملزمان کو پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ٹھٹھہ کے قریب درگاہ عبداللہ شاہ اصحابی اور درگاہ شاہ مراد روڈ پر پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 3 ملزمان زخمی ہوگئے جنہیں گرفتار کرکے سول اسپتال مکلی منتقل کردیا گیا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت امجد پلیجو، عرفان چوہان اور شاہ نور جروار کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور مبینہ طور پر لوٹے گئے موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان ٹھٹھہ کے مین اسٹاپ پر واقع الیکٹرانکس کی دکان میں ہونے والی ڈکیتی کی واردات میں مبینہ طور پر ملوث تھے اور واردات کی نیت سے شاہ مراد روڈ کی جانب جا رہے تھے کہ پولیس سے ان کا سامنا ہوگیا۔

کارروائی میں ڈی ایس پی ٹھٹھہ واجد تھہیم، ایس ایچ او ٹھٹھہ ریاض سومرو، ٹھٹھہ ٹاؤن انچارج راجہ ظفر، مکلی تھانے کے ایس ایچ او جمن کھوسو سمیت پولیس کی دیگر ٹیموں نے حصہ لیا۔

ایس ایس پی ٹھٹھہ نے کارروائی میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے لیے ترقی اور انعام کا اعلان بھی کیا۔

مزید خبریں

Back to top button