ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، این ڈی ایم اے کا 17 ستمبر تک الرٹ جاری


کراچی(جانوڈاٹ پی کے) ملک کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے، کراچی کے متعدد علاقوں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی، جبکہ کھاریاں، لالہ موسیٰ اور وزیرآباد میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسے۔ پشاور کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے 17 ستمبر تک بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع اور بالائی خیبرپختونخوا میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
متعلقہ اداروں کو ممکنہ صورتحال کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کرنے اور شہریوں کو موسمی صورتحال سے باخبر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔