اسرائیلی آبادکاروں سے تجارت پر پابندی کی تجویز، ناروے میں خلاف ورزی پر 3 سال قید کی سزا


اوسلو(مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے فلسطینیوں پر مبینہ مظالم کے پیش نظر ناروے میں اسرائیلی آبادکاروں سے تجارت پر پابندی عائد کرنے کی تجویز پیش کردی گئی۔
مجوزہ قانون کے تحت تجارتی پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کو تین سال تک قید کی سزا دی جاسکے گی۔ پابندی کا دائرہ مشرقی یروشلم کی 14 اسرائیلی بستیوں تک بڑھانے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔
ناروے میں مغربی کنارے کی 265 اسرائیلی بستیوں سے تجارت پر پابندی کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ ان بستیوں سے ہونے والی تجارت میں زرعی مصنوعات سمیت مختلف اشیاء شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی آبادکاروں کے جرائم میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث اسرائیلی بستیوں سے تجارتی روابط محدود کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔