یمن کی صورتحال پر گہری نظر ہے، حوثیوں سے بھی براہِ راست رابطے میں ہیں، جے ڈی وینس


کنساس(ویب ڈیسک) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا یمن اور اس کے گردونواح میں جاری صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور حوثیوں سے بھی براہِ راست رابطے میں ہے۔
امریکی ریاست کنساس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران جے ڈی وینس سے بحیرہ احمر میں واقع بریم جزیرے پر حوثیوں کے قبضے سے متعلق سوال کیا گیا۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ واشنگٹن صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اس حوالے سے متحدہ عرب امارات، سعودی عرب سمیت خطے کے دیگر متاثرہ فریقین سے مسلسل رابطے میں ہے۔
جے ڈی وینس کے مطابق امریکی انتظامیہ اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھ رہی ہے اور حوثیوں سے بھی براہِ راست بات چیت کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا صورتحال کی نگرانی جاری رکھے گا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ امریکی مفادات کا تحفظ ہو۔