حوثیوں کے سعودی عرب کے 3 شہروں پر حملے، 13 افراد زخمی، برطانیہ سے فوجی تعاون طلب

ریاض(جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک) یمنی حوثیوں نے سعودی عرب کے تین شہروں خمیس مشیط، ابہا اور طائف کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوگئے۔
اتحادی افواج کے مطابق حوثیوں کے حملوں سے سعودی عرب کی تیل تنصیبات کو بھی خطرات لاحق ہیں۔ سعودی حکومت نے تیل تنصیبات کے تحفظ اور سکیورٹی اقدامات کے لیے برطانیہ سے فوجی تعاون طلب کرلیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم سعودی عرب کی جانب سے عسکری معاونت کی درخواست کا جائزہ لے رہے ہیں۔ حکام کو خدشہ ہے کہ حملوں کے نتیجے میں سعودی تیل تنصیبات کو نقصان پہنچنے کے ساتھ برطانیہ کو بھی معاشی اثرات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس سے قبل یمنی حوثیوں نے سعودی عرب میں کنگ خالد ایئربیس پر حملے کا دعویٰ کیا تھا۔ حوثی ترجمان کے مطابق خمیس مشیط میں واقع ایئربیس کو درجنوں بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ حملے میں طیاروں کے ہینگرز، ریڈارز، رن ویز اور گولہ بارود کے ذخائر کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں بیلسٹک میزائل اور ڈرونز استعمال کیے گئے۔



