عمان میں ایران اور خلیجی ممالک کا اجلاس سعودی درخواست پر ملتوی ہوا، اسماعیل بقائی

تہران (ویب ڈیسک) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ عمان میں ایران اور خلیج فارس کے سات ممالک کے وزرائے خارجہ کا ہونے والا اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر ملتوی کیا گیا۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں اسماعیل بقائی نے بتایا کہ ایران اور خلیجی ممالک کے وزرائے خارجہ کو عمان کے شہر صلالہ میں اجلاس کے لیے جمع ہونا تھا، جہاں آبنائے ہرمز میں بحری آمد و رفت سمیت علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا جانا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس ایران اور عمان کی جانب سے فراہم کیا گیا ایک اہم موقع تھا اور توقع تھی کہ خطے کے ممالک اس کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔
ایرانی ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام جائز تحفظات کے باوجود یہ مناسب موقع تھا کہ خطے کے ممالک بیرونی فریقوں کی مداخلت سے دور رہ کر باہمی طور پر اپنے مسائل پر بات چیت کرتے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ کوئی بھی ذمہ دار فریق اس بات سے اتفاق نہیں کرے گا کہ خطے سے باہر کے عناصر کے اثر و رسوخ یا ایسے معاملات کی بنیاد پر جن کا ایران سے براہ راست تعلق نہیں، اجلاس کا انعقاد روک دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس کے لیے تاحال نئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔ اجلاس ملتوی کیے جانے کا اعلان عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے کیا تھا۔
دوسری جانب بحرین پہلے ہی واضح کرچکا تھا کہ ایران کی شرکت کے باعث وہ اجلاس میں شریک نہیں ہوگا۔



