بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی فتنہ الہندوستان کیخلاف بڑی کارروائیاں، 9 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کی دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، مختلف آپریشنز کے دوران 9 مبینہ دہشتگرد ہلاک کر دیئے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائی کے دوران کمانڈر نقیب سمیت 3 دہشتگرد مارے گئے۔ کارروائی میں دہشتگردوں کی گاڑی کو کواڈ کاپٹر کے ذریعے کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

دوسری جانب پشین کے علاقے سرانان میں سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں اور اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 6 مبینہ دہشتگرد ہلاک جبکہ 4 اہلکار زخمی ہوئے۔

ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے اور ان کے قبضے سے اسلحہ و بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔

مزید خبریں

Back to top button