این اے 168 ضمنی الیکشن: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، 3 امیدواروں کو شوکاز نوٹس

بہاولپور (جانوڈاٹ پی کے) این اے 168 بہاولپور میں ضمنی انتخابات کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر تین امیدواروں کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق لیگی امیدوار ملک منیر چنٹر، ولی داد چیمہ اور اویس خاکوانی کو انتخابی قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں پر وضاحت کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
جاری نوٹس کے مطابق ملک منیر چنٹر پر انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کارنر میٹنگز اور جلسے منعقد کرنے کا الزام ہے، جبکہ امیدوار ولی داد چیمہ کے خلاف بھی مبینہ طور پر بغیر اجازت جلسے کرنے اور پینا فلیکس آویزاں کرنے کی شکایت سامنے آئی ہے۔
دوسری جانب امیدوار اویس خاکوانی پر مخالف امیدوار کے پینا فلیکس پھاڑنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
تینوں امیدواروں کو 15 ستمبر کو تحریری وضاحت کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نوٹسز کے مطابق امیدواروں کو ڈی ایم او اور ایڈیشنل کمشنر فاروق ڈوگر کے سامنے اپنا مؤقف پیش کرنا ہوگا۔
این اے 168 میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں انتخابی سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم امیدواروں کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔



