سہیل آفریدی کے خلاف درخواست واپس نہیں لوں گا، شیر افضل مروت کا دوٹوک اعلان

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف دائر درخواست واپس لینے سے صاف انکار کردیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ سہیل آفریدی کے خلاف درخواست واپس لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ان کے مطابق بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ درخواست کے معاملے پر جرگہ لے کر ان کے پاس آئیں گے، تاہم سہیل آفریدی کو جتنا وقت درکار تھا، وہ لے چکے ہیں۔
شیر افضل مروت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ سے فائدے کی توقع کے حوالے سے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ تحریک انصاف اس مقصد کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بادی النظر میں بانی پی ٹی آئی کو پمز لانے پر اتفاقِ رائے ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی آئینی عدالت میں سماعت کل ہوگی۔ چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان کی سربراہی میں بینچ درخواست کی سماعت کرے گا۔



