نئے صوبوں کا مطالبہ، ایم کیو ایم نے سڑکوں پر آنے کا اعلان کردیا

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے مطالبے کو عملی شکل دینے کے لیے سڑکوں پر آنے کا اعلان کردیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایوانوں اور سیاسی فورمز پر اپنا مؤقف پیش کرنے کے بعد اب سڑکوں پر اپنی طاقت دکھانے کا وقت آگیا ہے۔

نیو کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ صرف کراچی تک محدود نہیں بلکہ پورے ملک سے اس حوالے سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان میں نئے صوبوں کا مطالبہ سب سے پہلے ایم کیو ایم نے اٹھایا تھا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ احتجاجی تحریک کے پہلے مرحلے میں کراچی کے ضلع وسطی میں احتجاج اور ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ "جب تک ایک بھی مہاجر زندہ ہے سندھودیش نہیں بن سکتا۔” انہوں نے ایم کیو ایم کی خواتین کارکنوں کو پارٹی کی طاقت اور ہراول دستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھی ان خواتین نے پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ جب شہر کی گلیوں میں جبر کا راج تھا تو سب سے پہلے ایم کیو ایم کی خواتین سڑکوں پر نکلی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی خواتین کارکنان پارٹی کی جدوجہد میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔

خالد مقبول صدیقی کے اعلان کے بعد نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ ایک بار پھر سیاسی بحث کے مرکز میں آگیا ہے، جبکہ کراچی میں احتجاجی سرگرمیوں کے اعلان نے سندھ کی سیاست میں بھی نئی ہلچل پیدا کردی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button