پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو بڑا دھچکا، میڈل نہ جیت سکے

بڈاپسٹ(جانو ڈاٹ پی کے) پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ پاکستان کے اسٹار جیولن تھروئر ارشد ندیم ورلڈ الٹیمیٹ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں میڈل جیتنے میں ناکام ہوگئے اور پانچویں پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔ہنگری کے شہر بڈاپسٹ میں جاری جیولن تھرو فائنل میں سری لنکا کے رمیش پاتھیرنگا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی تھرو میں 91.09 میٹر کی شاندار دوری طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔پاکستان کے ارشد ندیم نے مقابلے کا آغاز 74.42 میٹر کی تھرو سے کیا، جبکہ دوسری کوشش میں انہوں نے جیولن 79.66 میٹر دور پھینکا۔ارشد ندیم کی تیسری تھرو 81.49 میٹر رہی، جو ان کی رواں سیزن کی بہترین کارکردگی قرار پائی، تاہم وہ میڈل پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور فائنل میں پانچویں نمبر پر رہے۔
پیرس اولمپکس میں تاریخی گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم اب آئندہ ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جہاں ان سے ایک بار پھر شاندار کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں۔



