پاک بحریہ کے لیفٹیننٹ شہزادہ اسد نے عالمی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کردیا، ٹرائیتھلون میں گولڈ میڈل جیت لیا

ڈالی(جانو ڈاٹ پی کے) پاک بحریہ کے لیفٹیننٹ شہزادہ اسد نے چین کے شہر ڈالی میں منعقدہ بین الاقوامی ٹرائیتھلون مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت لیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان کی نمائندگی کرنے والے لیفٹیننٹ شہزادہ اسد نے 113 کلومیٹر پر مشتمل ہاف آئرن مین بین الاقوامی مقابلہ مجموعی طور پر 6 گھنٹے 30 منٹ اور 41 سیکنڈز میں مکمل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
مقابلے کے پہلے مرحلے میں انہوں نے مقامی جھیل میں 1.9 کلومیٹر تیراکی کا فاصلہ 40 منٹ 47 سیکنڈز میں طے کیا۔
دوسرے مرحلے میں لیفٹیننٹ شہزادہ اسد نے دشوار گزار راستے پر 90 کلومیٹر سائیکلنگ کا مرحلہ 2 گھنٹے 59 منٹ 08 سیکنڈز میں مکمل کیا۔
ٹرائیتھلون کے آخری مرحلے میں انہوں نے 21.1 کلومیٹر کی میراتھن دوڑ میں شاندار رفتار برقرار رکھتے ہوئے فاصلہ 2 گھنٹے 30 منٹ 16 سیکنڈز میں طے کیا۔
لیفٹیننٹ شہزادہ اسد کی شاندار کارکردگی نے نہ صرف انہیں بین الاقوامی مقابلے کا فاتح بنایا بلکہ پاکستان کے لیے بھی عالمی کھیلوں کے میدان میں ایک اور اعزاز حاصل کرلیا۔
پاک بحریہ کے افسر کی اس کامیابی کو پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے۔



