سعودی آئل پائپ لائن کی بندش، عالمی تیل سپلائی کو بڑا دھچکا لگنے کا خدشہ

ریاض(جانو ڈاٹ پی کے) سعودی عرب کی اہم ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کی بندش سے عالمی سطح پر تیل کی تقریباً 4 فیصد سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

برطانوی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اگر سعودی عرب نے بحیرہ احمر کی جانب جانے والی اپنی تیل پائپ لائن کو چند روز میں بحال نہ کیا تو ینبع بندرگاہ پر برآمدات کے لیے موجود تیل کا ذخیرہ ختم ہونے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق ینبع میں اس وقت صرف 5 سے 7 روز کا تیل ذخیرہ موجود ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کے ذریعے روزانہ تقریباً 40 لاکھ بیرل خام تیل بحیرہ احمر میں واقع ینبع بندرگاہ تک پہنچاتا ہے، جہاں سے تیل عالمی منڈیوں کو برآمد کیا جاتا ہے۔

سعودی عرب نے جمعے کے روز تصدیق کی تھی کہ ایک روز قبل پائپ لائن کو نشانہ بنائے جانے کے بعد اسے احتیاطی اقدام کے طور پر بند کردیا گیا ہے۔

سعودی وزارتِ توانائی کے مطابق ریاض اور مدینہ کے علاقوں میں پائپ لائن کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد پائپ لائن کی حفاظت اور حملے سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لینے کے لیے امدادی اور تکنیکی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔

ایسٹ ویسٹ پائپ لائن سعودی شہر بقیق سے ینبع بندرگاہ تک خام تیل پہنچاتی ہے اور اس کی مجموعی یومیہ ترسیلی صلاحیت تقریباً 50 لاکھ بیرل بتائی گئی ہے۔

پائپ لائن کی طویل بندش کی صورت میں سعودی تیل کی برآمدی صلاحیت متاثر ہونے کے ساتھ عالمی مارکیٹ میں سپلائی کے دباؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں پر بھی اثر پڑ سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button