ڈریسنگ روم لیکس کی تحقیقات، محمد رضوان نے بڑا اعلان کردیا

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے) ڈریسنگ روم لیکس کی تحقیقات کے معاملے پر قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرنے کا عندیہ دے دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق محمد رضوان کا کہنا ہے کہ وہ جاری تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہے ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے کا انتظار ہے۔ ان کے مطابق معاملہ مکمل ہونے کے بعد وہ نیوز کانفرنس بھی کرسکتے ہیں۔
محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں پیشی اور کیس سے متعلق مزید تفصیلات پر گفتگو کرنے سے گریز کیا۔
یاد رہے کہ 10 ستمبر کو قومی ٹیم کے کھلاڑی امام الحق اور محمد رضوان نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں پیش ہوئے تھے، جہاں انگلینڈ سیریز کے دوران مبینہ ڈریسنگ روم لیکس اور موبائل فون سے حاصل ہونے والی معلومات سے متعلق دونوں کھلاڑیوں سے تقریباً دو گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹرز کے موبائل فونز کو ان لاک کرنے اور فرانزک معائنے سے متعلق امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موبائل فونز کے فرانزک عمل میں تقریباً ایک ہفتہ لگ سکتا ہے، تاہم یہ بھی طے کیا جا رہا ہے کہ فرانزک میں کن امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
امام الحق اور محمد رضوان نے این سی سی آئی اے کو جلد تحریری جواب جمع کرانے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ ذرائع کے مطابق موبائل فونز کے فرانزک معائنے کے بعد بینک اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال یا دیگر امور کے حوالے سے آئندہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے نے دونوں کھلاڑیوں سے انگلینڈ میں قیام کے دوران ان کے رابطوں اور ملاقاتوں سے متعلق بھی سوالات کیے، جبکہ موبائل فونز پر ہونے والی گفتگو اور ڈریسنگ روم سے متعلق حساس معلومات مبینہ طور پر لیک ہونے کے معاملے پر بھی پوچھ گچھ کی گئی۔
تاہم تحقیقات مکمل ہونے اور متعلقہ اداروں کی جانب سے حتمی نتائج سامنے آنے تک کسی بھی الزام کو حتمی حقیقت قرار نہیں دیا جا سکتا۔



