عدالتی سرگرمیاں بحال، سہیل آفریدی اور عمران خان سے متعلق اہم مقدمات سامنے آگئے

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) ملک بھر کی عدالتوں میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہوگئیں، جس کے بعد کل سے عدالتوں میں معمول کے مطابق مقدمات کی سماعت شروع ہوجائے گی۔ اہم سیاسی اور قانونی مقدمات بھی آئندہ عدالتی ہفتے میں سماعت کے لیے مقرر ہیں۔
وفاقی آئینی عدالت میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف درخواست کی سماعت کل ہوگی۔ چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان کی سربراہی میں بینچ درخواست کی سماعت کرے گا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف یہ درخواست شیر افضل مروت نے دائر کر رکھی ہے، جس میں علی امین گنڈاپور کی بطور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بحالی کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
وفاقی آئینی عدالت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر قیدیوں کی نجی اسپتال سے علاج کی درخواستوں پر بھی چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کرے گا۔
دوسری جانب سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی شفا اسپتال منتقلی سے متعلق کیس کی سماعت 16 ستمبر کو ہوگی۔ حکومت کی جانب سے 18 اگست کے عدالتی حکم کے خلاف دائر نظرثانی اپیل بھی اسی روز سماعت کے لیے مقرر ہے۔
اس کے علاوہ عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف پی ٹی آئی کی جانب سے دائر توہینِ عدالت کی درخواست بھی سپریم کورٹ میں سنی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر آئندہ عدالتی ہفتے کی کاز لسٹ تاحال جاری نہیں کی گئی، تاہم اہم سیاسی و قانونی مقدمات کے باعث نئے عدالتی ہفتے میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔



