کولمبو میں پاکستانی کک باکسرز کی دھوم،2ٹائٹل پاکستان کے نام

کولمبو(جانو ڈاٹ پی کے) سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں منعقدہ بین الاقوامی کک باکسنگ مقابلوں میں پاکستان کے دو نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے ٹائٹل جیت لیے اور ملک کا نام روشن کردیا۔
بین الاقوامی مقابلوں میں بلوچستان کے ضلع پشین سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت کک باکسر آغا طلال حیدر نے بھارتی فائٹر کو ایک سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
دوسری جانب پاکستان کے کھلاڑی نصیب اللہ نے بھی بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے سری لنکن فائٹر کو مات دی اور کامیابی حاصل کرکے پاکستان کے لیے ایک اور اعزاز حاصل کرلیا۔
دونوں پاکستانی کھلاڑیوں کی بین الاقوامی سطح پر کامیابی پر پشین سمیت بلوچستان بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کھیلوں سے وابستہ حلقوں، شہریوں اور نوجوانوں نے آغا طلال حیدر، نصیب اللہ اور ان کے کوچ سمیع اللہ کاکڑ کو مبارکباد پیش کی۔
شہریوں اور کھیلوں کے حلقوں کا کہنا ہے کہ پشین کے نوجوانوں نے ایک بار پھر عالمی کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نوجوانوں کو مناسب مواقع، تربیت اور حوصلہ افزائی فراہم کی جائے تو بلوچستان کے کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے لیے مزید اعزازات حاصل کرسکتے ہیں۔
آغا طلال حیدر اور نصیب اللہ کی کامیابی کو پاکستان، بلوچستان اور بالخصوص ضلع پشین کے لیے باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے۔



