امام الحق کے خلاف بڑی کارروائی کا امکان، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے) مبینہ مشکوک انجری، ڈریسنگ روم لیکس اور ڈسپلن کی خلاف ورزیوں کے الزامات کا سامنا کرنے والے قومی کرکٹر امام الحق کے خلاف ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی۔

ذرائع کے مطابق ٹیسٹ اوپنر امام الحق کو مبینہ طور پر جعلی انجریز، ڈریسنگ روم سے متعلق معلومات لیک کرنے اور ڈسپلن کی خلاف ورزیوں کے الزامات کا سامنا ہے، جس کے بعد ان کی پرانی فائل بھی دوبارہ کھول دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ سے قبل دورہ نیوزی لینڈ کے دوران امام الحق کی انجری سے متعلق بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کو شکوک و شبہات تھے۔ سابقہ انجری کی انکوائری کے بعد امام الحق کے خلاف 2 سال کی پابندی کی سفارش کیے جانے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق ہیڈ کوچ اور سابق سلیکٹر نے متعلقہ حکام سے ملاقات کرکے امام الحق پر پابندی عائد نہ کرنے کی سفارش کی تھی، جبکہ ایک سابق کپتان نے بھی انہیں ممکنہ پابندی سے بچانے کے لیے اہم کردار ادا کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ تحقیقات کے باعث امام الحق کے خلاف پرانے معاملات ایک بار پھر زیرِ غور آگئے ہیں اور ان پر پابندی سمیت دیگر تادیبی کارروائی کا امکان موجود ہے۔

تاہم امام الحق کے خلاف عائد الزامات اور ممکنہ سزا سے متعلق حتمی فیصلہ تحقیقات مکمل ہونے اور متعلقہ حکام کی جانب سے باضابطہ کارروائی کے بعد ہی سامنے آئے گا۔

مزید خبریں

Back to top button