سندھ میں ریبیز کا ایک اور خطرناک کیس، متاثرہ افراد کی تعداد 23 ہوگئی

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے) سندھ میں ریبیز کا ایک اور تشویشناک کیس سامنے آگیا، جس کے بعد صوبے میں ریبیز سے متاثرہ کیسز کی تعداد 23 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال کراچی میں 27 سالہ خاتون میں ریبیز وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ خاتون کا تعلق ٹنڈوالہیار سے بتایا گیا ہے، جسے تقریباً چھ ماہ قبل دائیں ٹخنے پر آوارہ کتے نے کاٹا تھا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق کتے کے کاٹنے کے بعد خاتون کو اینٹی ریبیز ویکسین کی تین خوراکیں بھی لگائی گئی تھیں، تاہم اس کے باوجود خاتون میں ریبیز کی علامات ظاہر ہوگئیں۔
مریضہ کو 12 ستمبر کی صبح تقریباً ساڑھے 4 بجے جناح اسپتال کراچی لایا گیا، جہاں طبی معائنے کے دوران اس میں ریبیز وائرس سے متعلق تمام علامات موجود پائی گئیں۔
ریبیز ایک انتہائی خطرناک اور جان لیوا بیماری ہے، جس سے بچاؤ کے لیے آوارہ یا مشتبہ جانور کے کاٹنے کی صورت میں فوری طبی امداد اور ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق ویکسینیشن انتہائی ضروری سمجھی جاتی ہے۔



