نعیم حیدر پنجوتھہ کے ڈیرے پر بجلی کا میٹر ٹیمپرڈ نکلا؟ فیسکو نے مقدمہ درج کرا دیا

فیصل آباد(جانو ڈاٹ پی کے) پی ٹی آئی رہنما اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ کے خلاف مبینہ بجلی چوری کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ کھانا پھیرا میں ایس ڈی او فیسکو محمد عاطف ضیاء کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق واپڈا اہلکاروں نے 9 ستمبر کو بجلی کا میٹر مشکوک قرار دیتے ہوئے اسے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے بھجوایا تھا۔
فیسکو حکام کے مطابق لیبارٹری رپورٹ موصول ہونے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ بجلی کے میٹر کی باڈی ٹیمپرڈ تھی جبکہ دونوں اطراف کی سیل توڑ کر مبینہ طور پر بجلی چوری کی جارہی تھی۔
فیسکو حکام کے مطابق مذکورہ بجلی کا میٹر نعیم حیدر پنجوتھہ کے ڈیرے پر نصب تھا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے باوجود تاحال پی ٹی آئی رہنما نعیم حیدر پنجوتھہ کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
دوسری جانب معاملے کی مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات جاری ہیں۔



