کراچی پورٹ نے تاریخ رقم کردی، کارگو ہینڈلنگ 55.8 ملین ٹن کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کے تحت کراچی پورٹ نے گزشتہ مالی سال اپنی تاریخ کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
اعداد و شمار کے مطابق کراچی پورٹ کی سالانہ کارگو ہینڈلنگ 53 ملین ٹن سے بڑھ کر 55.8 ملین ٹن کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی، جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران بندرگاہ پر 2 ہزار 115 بحری جہازوں کی آمدورفت بھی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر شپنگ روٹس میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے باعث کراچی پورٹ کے لیے ٹرانس شپمنٹ کے نئے تجارتی مواقع پیدا ہوئے، جن سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بندرگاہی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔
خلیجی تنازع کے دوران کراچی پورٹ پر ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا اور بحران کو نئے تجارتی مواقع میں تبدیل کیا گیا۔
پاکستان کی تقریباً 60 فیصد کارگو تجارت کراچی پورٹ سے منسلک تجارتی نظام پر انحصار کرتی ہے، جس سے بندرگاہ کی ملکی معیشت اور بحری تجارت میں مرکزی حیثیت واضح ہوتی ہے۔
میری ٹائم ٹاسک فورس کے اقدامات اور عالمی کسٹمز ٹرانزٹ نظام کے باعث وسطی ایشیا سمیت دیگر ممالک تک پاکستانی کارگو کی ترسیل مزید آسان بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔
بندرگاہی کارکردگی میں بہتری، ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں میں اضافہ اور علاقائی رابطوں کے فروغ سے کراچی پورٹ پاکستان کو خطے میں ایک اہم تجارتی اور لاجسٹکس مرکز بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔



