بھارت میں سرکاری ہسپتال کا انوکھا کارنامہ، ٹوٹی ٹانگ پر پلاسٹر کے بجائے گتہ باندھ دیا

بہار (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست بہار کے سرکاری ہسپتال میں طبی سہولیات اور انتظامی غفلت کا حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ٹوٹی ہوئی ٹانگوں والے دو نوجوانوں کو پلاسٹر کے بجائے گتے (کارڈ بورڈ) سے عارضی سہارا دے کر گھر بھیج دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق ہولاس گنج کے علاقے میں دو موٹرسائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے کے نتیجے میں دو نوجوان زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا۔

متاثرہ نوجوانوں کا الزام ہے کہ ہسپتال انتظامیہ نے فریکچر کے باوجود ٹانگوں پر پلاسٹر نہیں کیا بلکہ گتے باندھ کر انہیں گھر روانہ کردیا۔

واقعے پر ریاستی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست کا محکمہ صحت خود آئی سی یو میں جا چکا ہے۔

تیجسوی یادو نے سوال اٹھایا کہ دارالحکومت سے تھوڑے فاصلے پر واقع سرکاری ہسپتال میں مریضوں کو پلاسٹر جیسی بنیادی طبی سہولت بھی دستیاب نہیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں پوچھا کہ کیا بہار کی مالی حالت اتنی خراب ہوگئی ہے کہ حکومت کے پاس ہسپتالوں میں فریکچر پر پلاسٹر لگانے کے لیے بھی رقم نہیں بچی؟

ہسپتال کے انچارج سپرنٹنڈنٹ چندر شیکھر آزاد کے مطابق ضلع مجسٹریٹ نے انچارج سول سرجن مینا کماری سمیت دیگر حکام کو طلب کرکے جواب طلب کرلیا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات کے بھی احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button