مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی چوہدری محمود بشیر ورک انتقال کرگئے

گوجرانوالہ (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور حلقہ این اے-77 گوجرانوالہ ون سے رکن قومی اسمبلی چوہدری محمود بشیر ورک انتقال کرگئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق چوہدری محمود بشیر ورک گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے اور لاہور میں زیر علاج تھے، جہاں وہ انتقال کرگئے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سیاسی و سماجی حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
چوہدری محمود بشیر ورک مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے اور انہوں نے 2024 کے عام انتخابات میں حلقہ این اے-77 گوجرانوالہ ون سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی۔
الیکشن نتائج کے مطابق چوہدری محمود بشیر ورک نے ایک لاکھ 9 ہزار 704 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ ان کے مقابل آزاد امیدوار راشدہ طارق نے 91 ہزار 825 ووٹ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار امتیاز صفدر وڑائچ نے 17 ہزار 59 ووٹ حاصل کیے تھے۔
چوہدری محمود بشیر ورک کے انتقال پر مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں، کارکنوں اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔



